Type to search

جدوجہد فيچرڈ

غوطہ خوروں کا سمندر سے کچرا نکالنے کا عالمی ریکارڈ

ماحولیاتی آلودگی سے جہاں زمینی زندگی متاثر ہورہی ہے تو وہیں آبی زندگی کے لیے بھی تشویشناک صورتحال پیدا ہو رہی ہے، ایسے میں غوطہ خوروں کے ایک گروپ نے سمندر سے بڑی مقدار میں کچرا نکالنے کا عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا میں ‘ڈیرفیلڈ بیچ’ پر 633 غوطہ خوروں نے سمندر کے اندر سے 1200 پاؤنڈ کچرا صاف کرکے عالمی ریکارڈ بنایا ہے۔ ڈیرفیلڈ بیچ پر اس ریکارڈ کو بنانے کے لیے 24 گھنٹے لگے، جب کہ دنیا میں یہ پہلی مرتبہ ہوا ہے کہ اتنے بڑے پیمانے پر سمندر کے اندر کی صفائی کی گئی ہو۔ غوطہ خوروں نے مل کر سمندر کے اندر سے ملبہ، پلاسٹک، کشتیوں کی لکڑیاں اور ماہی گیروں کی جانب سے مچھلیاں پکڑنے کے لیے استعمال کیے جانے والے جال بھی نکالے۔

اس عالمی ریکارڈ میں حصہ لینے کے لیے پوری دنیا سے غوطہ خوروں نے شرکت کی جس میں یورپ اور جنوبی امریکا کے لوگ بھی شامل تھے۔ شرکا نے ڈھائی گھنٹے سمندر کی گہرائی میں رہ کر اچھی طرح ان تمام چیزوں کو جمع کیا جو سمندری حیات کو نقصان پہنچانے کے ساتھ ساتھ آبی ماحول کو بھی گندا کررہی تھیں۔

فلوریڈا کے مقامی لوگوں کا کہنا تھا کہ سمندر کے اندر کی صفائی سے پانی کا میعار بہتر ہوا ہے اور اس جگہ پر پائے جانے والے آبی حیات کی نشوونما کو بہت فائدہ پہنچا ہے لہٰذا امید ہے کہ اس صفائی کی وجہ سے آبی حیات میں اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کا عالمی ریکارڈ قائم کیا گیا تھا جس میں پرانی پلاسٹک کی بوتلوں کا استعمال کرکے سمندر کے کنارے پر ایک خوبصورت وہیل مچھلی کا اسٹرکچر بنایا گیا تھا۔

شیئرکريں
  • 2
    Shares
ٹیگ:

تبصرہ کریں

Your email address will not be published. Required fields are marked *